اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا ہے کہ بری فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات ایک اہم ملاقات ہے جس سے قومی وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے خود تسلیم کیا ہے کہ پاکستانی لوگ ذہین ہیں، خطے کی صورتحال کا انہیں ہم سے بھی زیادہ ادراک ہے ۔
اعجاز الحق نے کہا کہ پاکستان کا تشخص پوری دنیا میں بلند ہوا ہے ،پاکستان اسلامی دنیا میں بھی منفرد مقام رکھتا ہے، اس ملاقات کے بعد پاکستان کی خطے میں اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت اور تنازعہ کے حل میں پیشرفت کے حوالے سے بھی مثبت تجاویز دی گئی ہوں گی۔ اعجاز الحق نے کہا کہ امریکا کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا بھی احساس ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تزویراتی اہمیت بھی پوری دنیا میں اجاگر ہوئی ہے ۔