فیملی فوڈ پراڈکٹس کمپنی ضیاء سنیکس کی چائنہ سائوتھ ایشیاء ایکسپو میں زبردست پذیرائی

6

لاہور۔22جون (اے پی پی):جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی فیملی فوڈ پراڈکٹس کی کمپنی ضیاء سنیکس کو چین کے شہر کنمنگ میں منعقد ہونے والی 9 ویں چائنہ سائوتھ ایشیاء ایکسپو میں زبردست پذیرائی ملی ہے۔ اتوار کو چائنہ اکنامک نیٹ کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے فوڈ ایکسپورٹرز وفد کے لیڈر اور وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا کہ روایتی اور جدید سنیکس آئٹمز کی تمام اقسام کی نمائش کرتے ہوئے کمپنی نے بین الاقوامی خریداروں، تقسیم کاروں اور فوڈ انڈسٹری کے ماہرین کی بھر پور توجہ حاصل کی ہے، یہ مصنوعات حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کی پیکیجنگ کے ساتھ جنوبی پنجاب کے ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستانی فوڈ پراڈکٹس کی تشہیر کے لیے پرعزم اور پرجوش ٹیم کی قیادت میں ضیاء سنیکس نے مصالحہ دار نمکواور بھنے ہوئے نامیاتی میوہ جات سمیت متعدد اشیاء نمائش کے لیے پیش کیں، مہمانوں نے نہ صرف ان کے ذائقہ ومعیار بلکہ سستی قیمتوں اور بہترین برآمدی پیکیجنگ کی بھی تعریف کی جو تمام بین الاقوامی معیارات پر پورا اترتی ہیں۔ سیف الرحمان نے کہا کہ ایکسپو میں چین، جنوب مشرقی ایشیائی ریاستوں اور دیگر ممالک کے خریداروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور ممکنہ تجارتی شراکت داریاں قائم کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم میسر آیا ہے، ہماری شرکت بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برانڈ اب پورے ایشیاء میں طویل مدتی برآمدی آرڈرز، مشترکہ منصوبوں اور ریٹیلرز کے ساتھ معاہدوں کے لیے سرگرم عمل ہے۔