فیول اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، پورے ریلوے نیٹ ورک کو بتدریج آن لائن فیول مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کیا جائے، نگراں وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ کی زیرصدارت اجلاس

77
National Highway Foundation
National Highway Foundation

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ فیول اخراجات میں کمی لانے کیلیے اقدامات کیے جائیں، پورے ریلوے نیٹ ورک کو بتدریج آن لائن فیول مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کیا جائے، فیول چوری ہر صورت روکی جائے اور آپریشنل ایفی شینسی بڑھائی جائے، ریلوے ہیلتھ سیکٹر خدمات میں بہتری کے لئے اقدامات کیے جائیں، ریلوے نیٹ ورک کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل میں تیزی لائی جائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے گفتگو کے دوران کیا۔ شاہد اشرف تارڑ نے فیول کے استعمال کی ڈیجیٹل نگرانی کرنے اور سٹوریج ڈپوز میں فیول کی فراہمی موثر طریقے سے کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

نگراں وزیر نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈائون پر انتظامیہ کو شاباش دی۔ وزیر ریلوے کو الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ میں اخراجات میں کمی لانے کے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ وفاقی وزیر نے ریلوے کالونیوں کے تمام رہائشی یونٹس میں الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے میٹر لگانے کی ہدایت کی۔ انہیں سیلاب و بارشوں سے متاثرہ ٹریک کی بحالی پر ہونے والے مرمت کے کام بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ شاہد اشرف تارڑ نے ڈی ایس کوئٹہ کو سبی ہرنائی سیکشن پر ٹریک بحالی کا کام 30 ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں کیرنز ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ہسپتال کی آئوٹ ڈور سروسز کو عام پبلک کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نگراں وزیر کی ہدایت پر ریلوے کے زیر انتظام تمام ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا، اس ضمن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نہیں ہو گی، ریلوے خود ہسپتالوں میں جدت لائے گا۔ وزیر ریلوے نے انتظامیہ کو ریلوے ہسپتالوں سے ریونیو کے حصول کے لئے اگلے جمعہ تک بزنس ماڈل پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ۔