اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کی شرح میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر61 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر) کی مدت میں فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کی مدمیں 128 روپے وصول کئے گئے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 61 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کی مدمیں 79 ارب روپے موصول ہوئے تھے۔
گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کی مدمیں سہ ماہی بنیادوں پردوفیصدکی نموہوئی، گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مدمیں 125 ارب روپے موصول ہوئے تھے جو جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 128 ارب روپے تھے۔مالی سال 2023 میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مدمیں مجموعی طورپر370 ارب روپے موصول ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کے مجموعی محاصل کاحجم 2.042 ٹریلین روپے ریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 25 فیصدزیادہ ہے۔