اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پوائنٹ آف سیل نظام کے تحت ٹئیر ون میں شامل ریٹیل آوٹ لیٹس کو رجسٹرڈ کرانے کی تاریخ میں 31 اگست 2020ءتک توسیع کردی ہے۔ اس حوالہ سے ایف بی آر کے تمام ان لینڈ ریونیو کے تمام کمشنرز کے نام مکتوب میں کہا گیا ہے کہ پوائنٹ آف سیل نظام کے تحت ٹئیرون میں شامل ریٹیل آوٹ لیٹس کی رجسٹریشن کی مدت میں 31 اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔ تاہم یہ سہولت ان ریٹیلرز کیلئے ہوگی جو 20 اگست 2020ءتک پی او ایس نظام سے منسلک ہونے کی تحریری آمادگی دیں گے۔ ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل نظام پر عمل درآمد جاری ہے، اس نظام کے تحت اب تک 6617 سے زائد کاروبار رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، ایف بی آر نے معاشی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کی صورت میں اس کی تعداد کو پہلے 15 ہزار اورپھر اسے بتدریج 25 ہزار تک پہنچانے کا ہدف مقررکیا ہے۔ اس نظام کے تحت ریٹیل سٹورز پرخریداری کرتے وقت ہی رسید کی کاپی خود کارنظام کے تحت ایف بی آر کے نظام کا حصہ بن جاتی ہے۔ اس نظام سے متعلقہ شکایات کا ازالہ بھی کیا جارہا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق اس نظام کا دائرہ کار بتدریج پورے ملک تک پھیلایا جارہاہے۔