اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) رواں مالی سال2018-19ءکے پہلے 7ماہ میں جولائی تا جنوری کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر کی جانب سے کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی میں17.9 فیصد جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں11.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا جنوری2018-19ءکے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی وصولیاں389.45 ارب روپے تک بڑھ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں330.2 ارب روپے کی وصولیاںکی گئی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے7ماہ کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں59.25ارب روپے یعنی17.9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیاں بھی117.4 ارب روپے تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 7ماہ کے دوران فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں104.99 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں جولائی 2018ءتا جنوری2019ء کے دوران فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ٹیکس وصولیوں میں 12.41 روپے یعنی11.8فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔