اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال-22 2021جولائی تا اکتوبر کے دوران ابتدائی محصولات کی وصولی کے اعدادوشمار جاری کئے ہیں۔ ہفتہ کو ایف بی آر کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے جاری مالی سال 2021-22 میں جولائی تا اکتوبر کیلئے ٹیکس اکٹھا کرنے کا ٹارگٹ1608 ارب روپے مقرر کیا تھا۔مقرر ٹارگٹ سے 233 ارب روپے زائد کے ساتھ 1841 ارب کا ٹیکس جمع ہوا ہے ۔
اس سے ظاہرہوتا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ٹیکس وصولی کے مقررہ ٹارگٹ1347 سے 36.6 فیصد بڑھ گیا ہے۔اکتوبر 2021 میں 440 ارب روپے کے مقابلے میں 30.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر 2020 میں 337 ارب روپے اکٹھے ہوئے۔ یہ اعدادوشمار مزید بہتر ہوں گے۔ دوسری طرف جولائی تا اکتوبر 2020 کے دوران 1413 ارب روپے، رواں مالی سال میں 1932 ارب روپے اضافہ ہوا جو کہ 36.7 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ جولائی تا اکتوبر 2021 کے دوران 91 ارب روپے کے مقابلے میں گزشتہ سال 66 ارب روپے واپس کئے گئے جو کہ 37.7 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔