اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بور ڈ آف ریونیو ، ایف بی آر نے رواں مالی سال 22-2021 جولائی تا اکتوبر میں حاصل کردہ محصولات کی ابتدائی تفصیلات جاری کر دی ہیں جن کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال جو لائی تا اکتوبر 1841 ارب روپے کا نیٹ ریونیوحاصل کیا ہے جو کہ اس عرصہ کے مقر ر کردہ ہدف 1608ارب روپے سے 233ارب روپے زائد ہے۔ اس طرح پچھلے سال اس عرصہ کے حاصل کردہ ریونیو 1347 ارب روپے کے مقابلے میں محصولات کے حصول میں ریکارڈ 36.6 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
اتوار کو ایف بی آر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ماہ اکتوبر کے اعدادو شمار بھی جاری کر دیئے ہیں ۔ ماہ اکتوبر میں ریونیو نیٹ کولیکشن 440ارب روپے رہا جو کہ پچھلے سال اکتوبر 2020کے حاصل کردہ نیٹ ریوینیو337 ارب روپے کے مقابلے میں30.5 فیصد زائد ہے۔ ماہ اکتوبر کے آخری دن کے اختتام تک اور بک ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حاصل ہونے والی وصولیوں کے بعدمحصولات کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
اسی طرح گراس ریونیو پچھلے سال جولائی –اکتوبر 2020 کے1413ارب روپے کے مقابلے میں اس سال اس عرصہ میں 36.7 فیصد اضافہ کے ساتھ 1932ارب روپےرہا ۔ جولائی- اکتوبر 2021 میں91 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے جو کہ پچھلے سال اس عرصہ میں66 ارب روپے تھے۔ ریفنڈز کے اجراء میں 37.7 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے ۔