اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے سیکٹرز G-13 اور G-14 کے تجارتی علاقوں سے تجاوزات کا صفایا کر دیا۔
ایف جی ای ایچ اے کے حکام نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ ایف جی ای ایچ اے کے انفورسمنٹ اور ویجلنس ونگ نے سیکٹرز G-13 اور G-14 کے تجارتی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف ایک ہفتے تک کریک ڈاؤن کیا۔اس آپریشن کے دوران غیر قانونی تعمیرات، اسٹالز اور وہ تجاوزات جو عوامی راستوں اور تجارتی جگہوں پر قبضہ کیے ہوئے تھیں کو ہٹا دیا گیاحکام نے بتایا کہ یہ اینٹی-انکریچمنٹ آپریشن 19 اپریل سے 23 اپریل تک جاری رہا۔
آپریشن کا انعقادایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کی قیادت میں اور ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ ویجیلنس کرنل (ر) اظہر سعید کی سربراہی میں کیا گیا۔اس اقدام کا مقصد عوامی جگہوں پر نظم و ضبط بحال کرنا، رسائی کو بہتر بنانا اور تعمیرات اور زوننگ کے قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کو یقینی بنانا تھا۔
حکام نے مزید کہا کہ آپریشن کے دوران ضبط کی گئی اشیاء نیلام کی جائیں گی۔ ایف جی ای ایچ اے نے مقامی کاروباری کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ قواعد و ضوابط کی سختی سے پیروی کریں اور یہ واضح کر دیا کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی یا تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایف جی ای ایچ اے نے عوامی املاک کے جائز استعمال اور رہائشیوں و کاروباروں کے لیے ایک صاف اور منظم ماحول فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601023