فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کو 7 کمرشل پلاٹس کی نیلامی سے ساڑھے تین ارب روپے کی آمدن ہوئی، ترجمان

8
Federal Government Employees Housing Authority
Federal Government Employees Housing Authority

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے)کو اسلام آباد کے سیکٹر G-13 اور G-14 میں 7 کمرشل پلاٹس کی نیلامی سے ساڑھے تین ارب روپے کی آمدن ہوئی ۔ ترجمان کے مطابق مجموعی طور 24 کمرشل پلاٹس نیلامی کے لیے پیش کیے گئے تھے جن میں سے دو دنوں کے دوران 7 قیمتی کمرشل پلاٹوں کی نیلامی ہوئی جس سے مجموعی طور پر 3.5 بلین روپے کی آمدنی ہوئی۔ترجمان نے مزید بتایاکہ ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی خصوصی ہدایات کے تحت نیلامی کے دوران سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ایک وقف ’’ون ونڈو سیل‘‘قائم کیا گیا

اس سیل نے الاٹمنٹس، لے آئوٹ پلانز (ایل او پی) اور دیگر متعلقہ معاملات کی تیز رفتار کارروائی کو یقینی بنایا جو شفاف اور موثر خدمات کی فراہمی کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ چیئرمین آکشن کمیٹی نجیب اکرم نے نیلامی کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد ہائوسنگ اتھارٹی کے نظام کی شفافیت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ ایف جی ای ایچ اے ایسے سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ منصوبے شروع کرتا رہے گا جو نہ صرف انفرادی فوائد بلکہ قومی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوں۔