فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے لیے ”لاءپورٹل “ کا افتتاح

245
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے لیے ”لاءپورٹل “ کا افتتاح

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے لیے ”لاءپورٹل “ کا افتتاح کردیا گیا ۔ایف جی ای ایچ اے کے ترجمان نے بتایاکہ ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی طارق رشید نے منگل کو ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کی طرف ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے لاء ونگ کے تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے ویب بیسڈ ایپلیکیشن لاء پورٹل کاباضابطہ افتتاح کیا ۔لاء پورٹل پر قانونی چارہ جوئی کے لئے معلومات، وکلاء کے تبصرے اور متعلقہ آرڈرز دستیاب ہونگے۔

ادارے کے پینل وکلاءکو رسائی دی گئی ہے جس سے روزانہ کی بنیاد پر زیر التواء مقدمات کا ریکارڈ مرتب ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی طارق رشید نے کہاکہ اس اقدام سے ہائوسنگ اتھارٹی کی کارکردگی میں اضافہ ہوگااور الاٹیز کے مقدمات کی غیر ضروری طوالت کم ہو جائے گی۔

ہائوسنگ اتھارٹی باقی شعبہ جات کی ڈیجیٹلائزیشن پہ بھی کام جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کا بھی جلد باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گورنمنٹ کی ہدایات کی روشنی میں پورٹل کو این ٹی سی کے محفوظ پلیٹ فارم پر رکھا گیا ہے جس کی رسائی موبائل/لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ کے ذریعے

www.mis.fgeha.gov.pk

پر کی جا سکے گی۔اس موقع پرڈائریکٹر جنرل طارق رشید نے نمایاں کارکردگی کے حامل افسران ڈائریکٹر آئی ٹی اسد نعیم خان،ڈائریکٹر لاء باسط خان اور دیگر افسران کی کارکردگی کو سراہا اور تعریفی اسناد دیں۔