فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا میجر حمزہ اسرار کی شہادت پر خراج عقیدت

116

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے میجر حمزہ اسرار کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر اور قوم کا فخر ہیں،میجر حمزہ اسرار نوجوان اور قابل آرمی آفیسر تھے،ہمیں ان پر فخر ہے۔

جمعے کوایف پی سی سی آئی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیمبرکے صدر عاطف اکرام شیخ نے میجر حمزہ اسرار کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر اور قوم کا فخر ہیں، دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے افواج پاکستان کے ہم قدم ہیں ۔چیمبرکے نائب صدر طارق جدون نے کہا کہ میجر حمزہ اسرار شہید جیسے نوجوان آفیسر دفاع کو ناقابل تسخیر بنائے ہوئے ہیں،دشمن کے مذموم مقاصد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہمارے محافظ ہیں۔

فیڈریشن کے چیئرمین کریم عزیز ملک نے کہا کہ میجر حمزہ اسرار نے 9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا ،قوم اپنے ہیروز پر فخر کرتی ہے جو وطن کے دفاع کےلئے فرنٹ لائن پر ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل نے کہا کہ میجر حمزہ اسرار شہید نے وطن کے دفاع کےلئے جان قربان کی وہ ہمارے ہیرو ہیں،ہم میجر حمزہ اسرار شہید کے پسماندگان کےساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔