فیصل آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے بیرون ممالک موجود سفارتخانے فیڈمک کی بھرپور معاونت کریں گے اور فیڈمک کو جس ملک میں سرمایہ کاروں تک رسائی کی ضرورت ہوگی فارن آفس ان کی بھرپور مدد کرے گا۔وہ منگل کے روز فیڈمک کے ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کے دورے کے موقع پر چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ سفارتخانوں کیلئے باقاعدہ ایک پلان بنا کر ان سے شیئر کریں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سلسلہ میں وزارت خارجہ میں ایک الگ اکنامک ونگ بھی بنایا گیا ہے جو باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے بیرون ممالک سے سرمایہ کاری پاکستان لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا سٹیٹس برقرار رکھنے کیلئے لابنگ شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے بھی اس مرتبہ اچھی خبر آئے گی اور پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کپاس کی پیداوار میں کمی پر قابو پانے کے حوالے سے کہا کہ اس کیلئے ریسرچ پر بھرپور توجہ دینی ہو گی۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس سلسلہ میں خود وزیراعظم عمران خان سے بات کریں گے۔ انہوں نے فیڈمک کی طرف سے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1500 ایکڑاراضی پرجدید ترین سہولیات سے آراستہ ایگرو بیسڈ اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کو زراعت کی ترقی کیلئے بہترین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملتان، خانیوال، سرگودھا اور فیصل آباد کے کاشتکاروں کو یکساں فوائد حاصل ہوں گے۔
چیئرمین فیڈمک نے انہیں بتایا کہ اس اکنامک زون میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے میٹ اینڈ فوڈ پروسیسنگ، کولڈ سٹوریج اور ماڈرن فارمنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیر خارجہ نے چیئرمین فیڈمک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ فیڈمک کے تمام منصوبوں کی کامیابی کیلئے ان کی بھرپور معاونت کریں گے۔