فیصل آباد۔18جنوری (اے پی پی):فیڈمک کے بزنس زون میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کیلئے فوجی فاؤنڈیشن اور تیانجن یونیورسٹی چائنہ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیاہے۔ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ اس کے علاوہ ٹیکنیکل سپورٹ اور کورسز کی تیاری کیلئے جرمنی کے ادارے جی آئی زیڈ سے بھی معاہدہ کیا جا ئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے قیام کیلئے ایم تھری انڈسٹریل سٹیٹ کے مین گیٹ کے بالمقابل کمرشل ایریا میں فوجی فاؤنڈیشن کو 22 ایکڑ جگہ لیز پر فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ یونیورسٹی کی عمارت آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال میں مکمل کی جائے گی۔میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ تیانجن یونیورسٹی چائنہ کورس ڈیزائننگ اور مختلف شعبہ جات کے قیام کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ یونیورسٹی صنعتی زونز میں لگنے والی صنعتوں کو جدید تربیت یافتہ تکنیکی ماہرین اور سکلڈ و ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کا اہم ترین ذریعہ ثابت ہو گی۔چیئرمین فیڈمک نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کے تمام کورسز انڈسٹری کی مشاورت اور صنعتوں کی موجودہ و مستقبل کی ضروریات کومد نظر رکھ کر شروع کئے جائیں گے۔\