قائداعظم بین الصوبائی گیمز، خیبرپختونخوا نے پنجاب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرا کر مینز ہاکی ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا، کانسی کا تمغہ سندھ کے نام

66

اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دوسرے قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں خیبرپختونخوا نے پنجاب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی اسٹروکس پر 2-1 گولز سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا، سندھ نے بلوچستان کو ہرا کر کانسی کا تمغہ جیتا۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ گیمز کے آخری روز کھیلے گئے مینز ہاکی ایونٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے خیبرپختونخوا کا ساتھ دیا اور اس نے پنجاب کو پنالٹی اسٹروکس پر زیر کر کے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا تاہم پنالٹی اسٹروکس پر خیبرپختونخوا نے پنجاب کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے ہرا کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا، تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو با آسانی 6-2 گولز سے ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔