قائداعظم محمد علی جناحؒ عظیم لیڈر اور ذہین ترین انسان تھے ، قیام پاکستان ان کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان

161

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ عظیم لیڈر اور ذہین ترین انسان تھے ، قیام پاکستان ان کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی موقع پر اپنے پیغام میں سیدال خان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ ایک عظیم لیڈر اور ذہین ترین انسان تھے ،انہوں نے اپنے اعلیٰ کردار ، مستقل مزاجی اور جدوجہد مسلسل سے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے پاکستان کے قیام کو یقینی بنایا ، قیام پاکستان قائد ؒ کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے، پوری قوم بانی پاکستان کی لازوال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابائے قوم نے دور اندیشی اور سیاسی بصیرت سے قوم کی تقدیر بدلنے کےلئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے رہنما اصول وضع کیے ،انہوں نے مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر کے تحریک پاکستان میں نئی روح پھونک دی جس نے قیام پاکستان کی منزل کو عملی جامہ پہنایا ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے ان پر قابو پانے کےلئے قانون اور آئین پر من وعن عمل کرنا ہو گا، ہمیں بانی پاکستان کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے لئے ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پر امن، ترقی پسند اور جمہوری رویوں کو پروان چڑھانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ان کے افکار پر عمل درآمد کر کے ہم ملک کو ترقی خوشحالی کی جانب گامزن اوردرپیش مسائل سے نکال سکتے ہیں۔ سیدال خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قائد اعظم ؒکے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔