راولپنڈی۔27 ستمبر (اے پی پی) قائداعظم کرکٹ ٹرافی چوتھے مرحلے میں واپڈا نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے ہرا کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 211 رنز کا ہدف 3 وکٹوں پر پورا کیا، سلمان بٹ نے 96 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے تیسرے روز راولپنڈی نے 227 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری نا مکمل اننگز شروع کی تو اس کے کھلاڑی ٹیم کے مجموعی سکور میں ایک بھی رن کا اضافہ نہ کر سکے، عثمان سعید 75 اور اسد رضا بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، اسطرح واپڈا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 211 رنز کا ہدف ملا، احسان عادل نے 5 محمد آصف اور حسنین شاہ نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں واپڈا نے مطلوبہ ہدف محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کپتان سلمان بٹ نے 96 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، علی شان 37 اور ایاز تصور 12 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔