قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا تیسرا رائونڈ مکمل،خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 75رنز سے ہرادیا جبکہ ناردرن نے سندھ کو128 رنز سے شکست دیدی

76

کراچی۔ 9 نومبر (اے پی پی):قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا تیسرا رائونڈ پیر کو مکمل ہوگیا، خیبرپختونخوا نے اسپنرز ساجد خان اور خالد عثمان کی عمدہ بالنگ کی بدولت سدرن پنجاب کو 75رنز سے ہرادیا جبکہ ناردرن نے سندھ کو128 رنز سے شکست دے دی تاہم سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلا گیا فرسٹ کلاس میچ ڈرا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے اسپنرز ساجد خان اور خالد عثمان کی عمدہ بالنگ کی بدولت سدرن پنجاب کو 75رنز سے ہرادیا۔ ساجد خان نے میچ میں 9 جبکہ خالد عثمان نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کے آخری روز263 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 187 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خالد عثمان نے میچ کی دوسری اننگز میں 4 جبکہ ساجد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر صدیق 56 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اس سے قبل 16 رنز کی برتری سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی کے پی کی ٹیم میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 246 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ اوپنر مصدق احمد 86 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔پہلی اننگز میں کے پی کے 304 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 288 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ حسین طلعت نے 131 رنز بنائے تھے۔ اسی طرح یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے سندھ کو128 رنز سے شکست دے دی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین سعود شکیل کی 176 رنز کی مزاحمت بھی سندھ کومیچ بچانے میں کامیاب نہ کرسکی۔ فاتح ٹیم کے کپتان نعمان علی نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ 423 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ نے میچ کے آخری روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 77 اسکور سے اپنی دوسری اننگز کادوبارہ آغاز کیا تو سعود شکیل نے حریف بالرز کے سامنے بھرپور مزاحمت جاری رکھی۔ بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین176 رنز پر ہمت ہارگئے۔ ان کے علاوہ سندھ کا کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے اسپنر نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل 111 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے سرمد بھٹی اور حماد اعظم کی سنچریوں کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ سرمد بھٹی 108 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ حماد اعظم 100 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔ پہلی اننگز میں ناردرن کے 328 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم 217 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلا گیا فرسٹ کلاس میچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے آخری روز 263 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم میچ کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز ہی بناسکی۔ کپتان اظہر علی 95 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ محمد سعد نے 47 رنز بنائے۔ بلوچستان کے عماد بٹ نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل 55 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی پوری ٹیم میچ کے آخری روز 213 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی۔ احمد صفی عبداللہ نے میچ میں 7 جبکہ وقاص مقصود نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں بلوچستان کے 306 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 251 رنزبنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔