قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری و رہنما اصولوں پرعمل پیرا ہو کرتمام مسائل پرقابو پایا جا سکتا ہے،صدر فیصل آباد چیمبر

74

فیصل آباد ۔12اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا کہ قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری و رہنما اصولوں پرعمل پیرا ہو کرتمام مسائل پرقابو پایا جا سکتا ہے جبکہ یوم آزادی پاکستان کی ڈائمنڈجوبلی کے موقع پر پوری قوم کو متحد ہو کر امن، اخوت، محبت،یگانگت کے درس کو عام کرنے کا عہد کر نا ہو گا۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ماضی کے برعکس اس بار ڈائمنڈ جوبلی کے باعث یوم آزادی پروقار طریقے سے منایا اور اس پیغام کو عام کیا جا ئے گاکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں نے ہمیں آزاد ملک حاصل کرکے دیالیکن اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سب مل کر محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے وطن عزیز کو خوشحال و ترقی یافتہ بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں نیزیوم آزادی مناتے وقت ہمیں بھرپور محنت سے انسانیت اورملک کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگاکیونکہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کی قدر کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حصول پاکستان کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے پیارے وطن کے ساتھ اپنی وابستگی کو بے حد مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم ۱ٓزادی کے متبرک، مقدس و پر مسرت موقع پرشہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ وطن عزیز کی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک محفوظ اور الگ وطن کے حصول کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے

جہاں آج ہم مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق ہر طرح کی ۱ٓزاد فضا میں اپنی زندگیاں بسرکر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بجائے اپنے تمام سیاسی،لسانی و فروعی اختلافات بھلا کر ملکی تعمیر و ترقی اور اسے بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے مل کر قدم بڑھائیں تاکہ عوام کو جمہوریت کے حقیقی ثمرات سے مستفید کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں معاشرے کے مجبور اور بے سہارا افراد کی خدمت کے عزم کا بھی اعادہ کرنا ہوگا۔