قائداعظم کے رہنماء اصولوں کو اپنا کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، سردار ایاز صادق

107

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا شمار 20 ویں صدی کے عظیم رہنمائوں میں ہوتا،قائد اعظم محمد علی جناح جیسی عہد ساز شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی کرشمہ ساز شخصیت کا کمال تھا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں میں آزادی کی شمع روشن کی اور انہیں ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا، قائد اعظم ایک بااصول، با کردار، باصلاحیت، بردبار، معاملہ فہم اور ہر مشکل میں سینہ سپر رہنے والے رہنما تھے، انہوں نے کبھی اپنے اصولوں پر سودے بازی نہیں کی اور نہ ہی کسی پر اپنے فیصلے مسلط کئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم کی 148 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 25 دسمبر کو ملی جذبے اور نہایت احترام سے منایا جاتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو ہاہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر باہمی اتحاد قائم کر کے جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت جن چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنے کی ضرورت پہلے سے بڑھ کر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد اور نظم و ضبط کو فروغ دے کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے رہنما اصولوں اور افکار پر عمل پیرا ہو کر ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے جدوجہد کریں جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا یوم ولادت اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم کر کے قائد اعظم کے مشن کو مکمل کرنے کیلئے مل کر جدو جہد کریں گے اور اس ملک کو ایک عظیم ملک بنائیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے ملکر جدو جہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بر صغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ناقابل فراموش قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے اصولوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے قانون کی بالادستی، سماجی انصاف، اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔