اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں "کردار سازی: پائیدار کامیابی کے حصول کی بنیاد” کے موضوع پر مباحثے کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان (اپ سیپ) نے قائداعظم یونیورسٹی کے تعاون سے کیا جس میں 25 یونیورسٹیوں اور اداروں کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔
قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی زیر صدارت ہونے والے اس مباحثے میں سپیریئر یونیورسٹی لاہور کی ریکٹر ڈاکٹر سمیرا رحمٰن نے کلیدی مقرر کے طور پر شرکت کی۔ شرکاء نے نتیجہ خیز مکالمے میں حصہ لیا۔ اعلیٰ تعلیم میں پائیدار کامیابی کو فروغ دینے میں کردار کی نشوونما کے بارے میں بصیرت افروز مکالمہ ہوا۔ اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کردار سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام طلبہ کے لیے مشعل راہ ہیں، انھیں نوجوان نسل کی تربیت کے لیے اخلاقی اقدار کو بذات خود عملی طور پر اپنانا ہو گا۔اس اہم اجلاس میں مرتب کی جانے والی سفارشات 27-28 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والی آئندہ 5ویں ریکٹرز کانفرنس میں پیش کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا اور پاکستان میں تعلیمی منظرنامے کو فروغ دینا ہے۔
گول میز کانفرنس نے کردار سازی اور تعلیمی کامیابیوں کے درمیان اہم تعلق کو اجاگر کیا۔ نیز جامعات کو تعلیم کے ساتھ کردار سازی کو ترجیح بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء نے طلباء کو دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت، ایمانداری اور رواداری کی بنیادی اقدار سے آراستہ کرکے شہری حقوق اور کردار سازی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان (اپ سیپ) مرتضی نور، وائس چانسلر پریسٹن یونیورسٹی ڈاکٹر عبدالباسط، وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر انیلہ کمال، وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر عزیرہ رفیق اور وائس چانسلر نیشنل سکل یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔