راولپنڈی۔28دسمبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی، سہ فریقی مرحلے کے آخری میچ کے دوسرے روز سیالکوٹ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 465 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ ہفتہ کو میچ کے دوسرے روز اذان اویس 168 اور محسن ریاض 51 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے ۔ لاہور وائٹس کی جانب سے محمد وحید نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، حکمت اللہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
جواب میں لاہور وائٹس نے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنا لیے ، اوپنرز محمد عمران اور علی زریاب آصف نے 233 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا ، محمد عمران نے 2 چھکوں اور 18 چوکوں کی مدد سے 132 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، طیب احمد 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، علی زریاب آصف 91 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔