قائد اعظم ٹرافی کے 68 ویں ایڈیشن کا فائنل سیالکوٹ اور پشاور کے مابین کل سے شروع ہو گا

172

راولپنڈی۔1جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کے 68 ویں ایڈیشن کا فائنل سیالکوٹ اور پشاور کے مابین (کل) جمعرات سے شروع ہو گا ، پی سی بی کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق فاتح ٹیم کو 75 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ ٹیم کو 40 لاکھ روپے ملیں گے، یہ پانچ روزہ فائنل یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا، میچ صبح ساڑھے نو بجے شروع ہو گا، سیالکوٹ ، پشاور اور لاہور وائٹس نے اپنے اپنے گروپ میں سر فہرست رہنے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے سہ فریقی مرحلے تک رسائی حاصل کی جہاں سیالکوٹ نے سب سے زیادہ 36 پوائنٹس حاصل کیے، پشاور کی ٹیم 25 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور وائٹس 13 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی

اس طرح سیالکوٹ اور پشاور نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، سیالکوٹ اور پشاور دونوں ٹیمیں گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہی تھیں، دونوں نے پانچ میں سے تین میچز جیتے تھے جبکہ دو ڈرا ہوئے تھے، سیالکوٹ کو بیٹنگ میں اذان اویس، محسن ریاض اور عاشر محمود کی خدمات حاصل ہیں جو اس ٹورنامنٹ میں اچھی فارم میں ہیں، اذان اویس اب تک 4 سنچریوں اور 2 نصف سنچریوں کی مدد سے 807 رنز بنا کر اس ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب بیٹر ہیں، قابل ذکر بات یہ ہے کہ اذان اویس نے اسی ٹورنامنٹ میں اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا ہے، محسن ریاض ایک سنچری اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 512 رنز بنا چکے ہیں جبکہ عاشر محمود نے 2 سنچریوں اور 2 نصف سنچریوں کی مدد سے 494 رنز اسکور کیے ہیں، سیالکوٹ کی باؤلنگ میں محمد علی 22 ،

عماد بٹ 16 اور شعیب اختر جونیئر 15 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے ہیں، پشاور کی بیٹنگ لائن میں معاذ صداقت ایک سنچری اور 5 نصف سنچریوں کی مدد سے 557 رنز بنا کر تمام بیٹرز میں تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ وقار احمد نے ایک سنچری اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 419 رنز بنائے ہیں، پشاور کی باؤلنگ میں نیاز خان 30 ، ٹیسٹ آف اسپنر ساجد خان 27 اور محمد عامر خان 26 وکٹوں کے ساتھ قابل ذکر ہیں، پشاور کے کپتان ساجد خان کا کہنا ہے کہ ہم فائنل کے لیے واقعی پرجوش ہیں کیونکہ اسے براہ راست نشر کیا جا رہا ہے اور ٹائٹل جیتنے کے لیے دونوں ٹیموں کا جوش و جذبہ بلند ہو گا، انہوں نے کہا کہ پشاور کی ٹیم میں متعدد کھلاڑی میچ ونر ہیں اور ہم فائنل جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے

سیالکوٹ کے کپتان عماد بٹ کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم نے کھیل کے تمام شعبوں میں بہت اچھا پرفارم کیا ہے ، ہماری تمام تر توجہ فائنل میچ پر مرکوز ہے اور تیسری بار قائد اعظم ٹرافی ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں ، انہوں نے کہا پشاور کی ٹیم مضبوط ہے اور فائنل شائقین کے لیے دلچسپ مقابلہ ہو گا۔