قائد اعظم ٹرافی 23-2022، ناردرن کرکٹ ٹیم خیبرپختونخوا کے خلاف 4روزہ میچ کے پہلے روز 223 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی

226

راولپنڈی۔20نومبر (اے پی پی):قائد اعظم کرکٹ ٹرافی 23-2022، ناردرن کرکٹ ٹیم خیبرپختونخوا کے خلاف 4 روزہ میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 223 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، بیٹرروحیل نذیر 82 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، حسن رضا 17، محمد ہریرہ 3، کپتان عمر امین 17، ذیشان ملک صفر، فیضان ریاض 5، مبصر خان 31، مہران ممتاز 22، عامر جمال 31 اور اطہر محمود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ، بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےخیبرپختونخوا کی جانب سے احسان اللہ نے 4 ، نیاز خان نے 3 اور محمد عمران نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، خیبرپختونخوا نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنا لئے ۔

قذافی سٹیڈیم میں سینٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کے خلاف 4 روزہ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنا لئے ، ذیشان اشرف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 145 رنز بنائے ، عمران رفیق 58 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔ ایل سی سی اے گرائونڈ میں شروع ہونے والے میچ میں سندھ نے بلوچستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 349 رنز بنا لئے ، خرم منظور اور سعود شکیل نے شاندار سنچریاں سکور کیں ، خرم منظور 174 اور سعود شکیل 124 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں ۔