اسلام آباد ۔ 23 دسمبر (اے پی پی) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 142ویںسالگرہ روایتی جوش و خروش کے ساتھ کل پیر کو منائی جائے گی، ان کی سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کی گئی ہے۔ وزارت اطلاعات نے اس سال قائداعظم کو یوم پیدائش پر ہمارا قائد کے ٹائٹل کے نام سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،ٹی وی اور اخبارات میں خصوصی پروگرامات ٹیلی کاسٹ اور ضمیمے شائع کئے جائیں گے۔ تعلیمی اداروں میں قائد کے ویژن اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالنے کے لئے خصوصی تقریبات ، سمینار ز، مذاکرے، نمائشیںاورشوز کا انعقاد کیا جائے گا، دن کے آغاز پر مزار قائد پر قرآن خوانی کی جائے گی جبکہ مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی،اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سر بلند رہیں گے، اس دن کو بھرپور انداز میں منانے کا مقصد نوجوان نسل کو قائد اعظم کے افکار و نظریات سے آگاہی دینا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82410