قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفرالحق کی پی ٹی وی سے گفتگو

144

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہرگزنہیںکیونکہ اگر ایسا ہوتا تو بھارت اپنی سات لاکھ سے زائد فوج یہاں تعینات کیوںکرتا۔ جمعرات کو پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ایک عالمی اجلاس میں بھی یہ بات کہی کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ کیسے ہو گیا کیونکہ بھارت خود ہی تو اس مسئلے کو سلامتی کونسل میں لیکر گیا ہے جہاں اس مسئلے پر ایک نہیں بلکہ تئیس قراردادیں منظور ہوئیں اوراس ہرقرارداد میں یہی کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام ہی کریں گے کہ انہیں کس کے ساتھ رہنا ہے، اقوام متحدہ کی ان قراردادوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ملک اپنے آئین میں تبدیلی کرتا ہے تو بھی ان قراردادوں پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے، پاکستان بھارت کی اسی ریاستی دہشتگردی کو بے نقاب کر رہا ہے اور عالمی برادری کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر رہا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف نے عالمی برادری کی اس طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے بتایا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیری نوجوانوں کو اندھا کر رہا ہے اور پیلٹ گنوں کے بے جا استعمال سے ان کی بینائی چھین رہا ہے جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے زمرے میں آتا ہے، جس پر عالمی برادری نے بھارتی رویے کی شدید مذمت کی اور او آئی سی سمیت دیگر اہم ممالک نے بھارت سے ان مظالم کو روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔