اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کو مزید قریب لانے کیلئے تعلیمی اور پارلیمانی تبادلوں ، روابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری تعلقات بہتر بنانے کی بڑی گنجائش موجود ہے ۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق وہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔ پاکستان اور آذربائیجان نے معیشت، تجارت، توانائی، مواصلات اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی گہرے تاریخی تعلقات ہیں، باکو میں ملتان سرائے دونوں برادر ممالک کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے،دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے باکو اور ملتان کو ’’سسٹر سٹیز‘‘ قرار دینا چاہیے ۔صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف بین الاقوامی فورمز پر یکساں خیالات کے حامل ہیں ۔آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ عوامی روابط فروغ دینے کیلئے سیاحت، کاروبار اور تعلیم کے شعبوں میں تعلقات بڑھانا ہوں گے ،پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے ،پاک ،آذربائیجان تعاون کو معیشت، تجارت اور کاروبار کے شعبوں میں بڑھانا ہوگا،
مواصلاتی اور عوامی روابط کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مستحکم ہوں گے ۔سید یوسف رضا گیلانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کی حمایت پر آذربائیجان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔