قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا یومِ عاشورہ کے موقع پر خصوصی پیغام

44
Acting Chairman Senate Syedal Khan
Acting Chairman Senate Syedal Khan

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ دسویں محرم الحرام کا دن تاریخِ اسلام میں ایک ایسا روشن چراغ ہے جو ہمیں ہدایت، قربانی، جرأت اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے۔ یہ دن ہمیں امام حسین علیہ السلام اور اُن کے باوفا جانثاروں کی لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے ،جنہوں نے ظلم و جبر کے خلاف اپنی جانیں قربان کرکے حق و صداقت کا پرچم بلند کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے اتوار کو جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ کربلا صرف ایک میدانِ جنگ نہیں تھا بلکہ یہ وہ مکتبِ فکر ہے جہاں حق اور باطل کی پہچان واضح ہوئی۔

امام حسین علیہ السلام کا قیام انسانیت کے لیے ایک ایسی مشعل راہ ہے جو ہر دور میں مظلوموں کو آواز دیتا ہے کہ ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونا ہی اصل شجاعت اور بندگی کا تقاضا ہے۔ اُنہوں نے ہمیں یہ سبق دیا کہ حق کی راہ میں اگر جان بھی دینی پڑے تو دریغ نہ کیا جائے۔سیدال خان نے کہا کہ آج کا دن ہمیں خود احتسابی کی دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں کس حد تک امام حسینؑ کے اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔ کیا ہم ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں؟، کیا ہم انصاف، رواداری، مساوات اور بھائی چارے کو فروغ دے رہے ہیں ؟،اگر نہیں، تو یومِ عاشورہ ہمیں جھنجھوڑتا ہے کہ وقت ہے جاگنے کا، باطل کے خلاف ڈ ٹ جانے کا اور حق کے لیے میدانِ عمل میں آنے کا۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالفقیہ، کثیرالثقافت معاشرہ ہے، جہاں مختلف مکاتبِ فکر اور مذہبی طبقات باہمی احترام، برداشت اور محبت سے رہتے ہیں۔ یہی ہماری اصل قوت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم یومِ عاشورہ کی اس عظیم مناسبت کو وحدتِ امت، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی بنیاد بنائیں۔ یہی امام عالی مقام کا پیغام ہے اور یہی ہماری قومی ضرورت بھی ہے۔انہوں نے پوری قوم، بالخصوص اہلِ تشیع کو سلامِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ امام حسینؑ کے پیغام کو زندہ رکھا۔

انہوں نے کہا کہ آئیے! ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہم پاکستان میں امن، برداشت، انصاف اور اتحاد کے چراغ کو بجھنے نہیں دیں گے، ہم کربلا کے درس کو اپنی زندگیوں میں اُتار کر ایک مثالی اور پرامن معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اپنے پیغام کے آخر میں سیدال خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں امام حسین علیہ السلام کی سیرت سے سیکھنے، اس پر عمل کرنے اور اپنے وطن عزیز کو امن، ترقی، اتحاد اور بھائی چارے کا گہوارہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔