اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے وفاقی فلڈ کمیشن کو مون سون کے دوران سیلابوں سے بچائو کیلئے خصوصی اقدامات اور جن علاقوں میں سیلاب کے خطرات زیادہ ہیں، میں حفاظتی بند بنانے کی ہدایت کر دی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ ہدایت فیڈرل فلڈ کمیشن کے چیئرمین احمد کمال سے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دی۔
اس موقع پر چیف انجینئر وفاقی فلڈ کمیشن اشوک کمار بھی موجود تھے۔ قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع خاص طور پر بنوں اور لکی مروت میں مون سون بارشوں کے دوران دریائے کرم میں سیلاب اور برساتی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر لوگوں کی املاک اور کھڑی فصلوں کو نقصانات پہنچتے ہیں جن سے بچائو کیلئے حفظاتی بندوں اور پروٹیکشن والز کا تعمیر کیا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے چیئرمین وفاقی فلڈ کمیشن کو بنوں اور لکی مروت کے مختلف مقامات پر حفاظتی بند اور پروٹیکشن والز تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن احمد کمال نے جنوبی اضلاع خصوصا بنوں اور لکی مروت میں فیڈرل فلڈ کمیشن کے تحت جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے کرم، کاشو نالہ، چشمہ الگد کاشو نالہ، سپین تنگی نالہ، امجد خان پربہ خیل، گاں خلیل خیل، دریائے ٹوچی پر مختلف مقامات پر مقامی آبادی اور زرعی زمینوں کو سیلابوں سے بچانے کیلئے 8 کروڑ کی لاگت سے فلڈ پروٹیکشن والز اور حفاظتی بندوں کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے قائم مقام اسپیکر کو جنوبی اضلاع خصوصا ًبنوں اور لکی مروت میں جن علاقوں میں سیلاب اور برساتی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے مقامی آبادی اور زرعی زمینوں کو سیلاب سے نقصانات سے خطرات موجود ہیں ان میں حفظاتی بند اور فلڈ پروٹیکشن والز تعمیر کرنے کی یقین دہانی کرائی۔