اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام صدرمحمد صادق سنجرانی نے محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ونگ کی جانب سے اتوار کو جاری تعزیتی پیغام میں قائم مقام صدرنے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے مرحوم سائنسدان عبدالقدیر کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وطن عزیز کیلئے ڈاکٹر عبدالقدیر کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔ پوری قوم اُن کی وفات پر افسردہ ہے۔ قائم مقام صدر نے دعا کی کہ ا للہ تبارک تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اورغم زدہ خاندان کو یہ صدمہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم ایٹمی سائنسدان عبدالقدیر کی نمازجنازہ فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی ۔ نماز جنازہ میں قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی بھی شرکت کریں گے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے بھی ایٹمی سائنسدان عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔