اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق سینئر وزیر بلوچستان و پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میر اظہار خان کھوسہ، چنائے انڈسٹریز کے صدر عبدالرحمن چنائے و دیگر قبائلی عمائدین کے وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور صوبہ بلوچستان کی سیاسی، سکیورٹی، ترقیاتی صورتحال سمیت درپیش مسائل کے حوالے سے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی کے لیے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا پاکستان میں فروغ دیکھنے میں آ رہا ہے، ایس سی او کے کامیاب انعقاد سمیت مختلف ممالک کے اعلی سطی پارلیمانی وفود کی پاکستان آمد موجودہ حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔
سیدال خان نے کہا کہ محمد نواز شریف، محمد شہباز شریف کی محنت اور موثر حکمت عملی کی بدولت ملک میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ مل رہا ہے، وہ وقت دور نہیں جب پورے ملک اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان کی حالت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئے گی، ملک بھر میں تجارت سرمایہ کاری میں فروغ اور عوام کو نمایاں ریلیف بھی ملے گا۔