قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سیاسی رہنماؤں، بلدیاتی نمائندوں، وکلاء، طلبہ، قبائلی عمائدین کی ملاقاتیں

38
Acting Chairman Senate Syedal Khan
Acting Chairman Senate Syedal Khan

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے کوئٹہ میں سیاسی رہنماؤں، بلدیاتی نمائندوں، وکلاء، طلبہ، قبائلی عمائدین اور علاقے کی اہم شخصیات نے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران مختلف علاقائی و قومی امور اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان اور ملک بھر کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے ہم سب کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی اس وقت ممکن ہے جب ہم ہم آہنگی، اتحاد اور یکجہتی کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کریں گے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ملک ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ قومی وسائل کا مثبت اور مؤثر استعمال ممکن ہو اور عوام کو اس کے ثمرات میسر آ سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں بہترین معدنیات اور اچھے موسم رکھنے والا ملک ہے اور یہاں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا فعال اور مثبت کردار ادا کریں تاکہ ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔ملاقات کے شرکاء نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کے خیالات اور وژن سے اتفاق کرتے ہوئے صوبہ بلوچستان سمیت ملک بھر کی ترقی میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔