36.6 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومقومی خبریںقائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان سے چیئرمین این ایچ اے...

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان سے چیئرمین این ایچ اے محمد شہریار سلطان کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان سے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین محمد شہریار سلطان نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک بھر بالخصوص صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں شاہراؤں، موٹرویز اور مواصلاتی نظام کی بہتری کے لیے جاری اور مجوزہ منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیئرمین این ایچ اے محمد شہریار سلطان نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا کہ این ایچ اے ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی جدید شاہراہوں اور سڑکوں کے جال بچھانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے، تاکہ ان علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرتے ہوئے مقامی آبادی کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں اہم شاہراؤں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ نئے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے تجارتی سرگرمیوں اور عوامی آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان نے این ایچ اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہرائیں کسی بھی ملک کی معیشت اور ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ایک مؤثر اور محفوظ مواصلاتی نظام سے نہ صرف ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے بلکہ عوام کا معیارِ زندگی بھی بہتر ہوتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ قدرتی وسائل اور معدنیات کی دولت سے مالا مال علاقے ہیں، اور بہتر مواصلاتی نظام کی بدولت نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ قومی ترقی کا سفر بھی تیز کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے شاہراؤں اور مواصلات کے شعبے میں جاری اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوامی ریلیف اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے اپنائی گئی جامع حکمت عملی قابل تحسین ہے، جس سے نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک مثبت مثال قائم ہو رہی ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ملک بھر میں شاہراؤں اور موٹرویز کے جاری منصوبہ جات کو جلدازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590317

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں