اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے والے کشمیر کے بہادر ، غیور عوام اور تمام شہداء کو خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج کا ظلم و ستم ، کسی بھی قسم کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کی مقامی تحریک آزادی کو دبا سکے ہیں نہ کبھی دبا سکیں گے ، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ہم 13 جولائی 1931 ء کو ڈوگرہ سامراج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں ۔اس دن ہم حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے والے کشمیر کے بہادر ، غیور عوام اور تمام شہداء کو بھی خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ یوم شہدائے کشمیر اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ کشمیر ی عوام آزادی کی خاطر گزشتہ 9 دہائیوں سے زائد عرصہ سے جدوجہد ِآزادی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ کشمیریوں نے اپنے حق ِخوداردیت اور آزادی کی خاطر نسل در نسل جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جذبہ حریت کو زندہ رکھا۔ خواہ ڈوگرہ سامراج ہو یا کہ قابض بھارتی افواج کا ظلم و ستم ، کسی بھی قسم کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کی مقامی تحریک آزادی کو نہ کبھی دبا سکے ہیں اور نہ کبھی دبا سکیں گے ۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور بند کرے اور کشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کیلئے اقدامات کرے ۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔