قابل تجدید ذرائع سے توانائی کی بین الاقوامی پیداواری صلاحیت 2024کے اختتام تک 4448 گیگاواٹ تک بڑھ گئی،رپورٹ

124

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):قابل تجدید ذرائع سے توانائی کی بین الاقوامی پیداواری صلاحیت 2024کے اختتام تک 4448 گیگاواٹ تک بڑھ گئی جس میں شمسی توانائی 1865گیگاواٹ کے ساتھ نمایاں شراکت دار ہے۔ انٹرنیشنل رینیوایبل انرجی ایجنسی (آئی آر ای این اے )کی رینیوایبل کیپیسٹی سٹیٹکس 2025رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے دوران قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداواری صلاحیت میں سالانہ بنیاد وں پر15.1فیصد کی شرح نمو ہوئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول کے اہداف کے مطابق 2030 تک پیداواری صلاحیتوں کو11.2ٹیرا واٹ تک فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور گزشتہ سال کے دوران پیداواری صلاحیتوں میں 15 سے زیادہ کی سالانہ شرح نمو ہدف کے مقابلہ میں کم ہے۔ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کےلئے 2030 تک قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداواری صلاحیتو ں میں سالانہ 16.6فیصد کا اضافہ ناگزیر ہے۔آئی آر ای این اےکی رپورٹ کے مطابق 2022کے بعد ایشیا میں قابل تجدید ذرائع سے توانائی کی پیداواری صلاحیتوں میں دوگنا اضافہ کیا گیا ہے اورسال 2023 میں 247.9گیگاواٹ جبکہ گزشتہ سال 2024 کے دورا ن327.1گیگاواٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیداواری صلاحیتوں میں سب سے زیادہ 270گیگاواٹ کا اضافہ چین نے کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سال 2024کے دوران قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنےکی صلاحیتوں میں 2023کے مقابلے میں خاطرخواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔آئی آر ای این اےکے مطابق توانائی کی بین الاقوامی پیداواری صلاحیتوں میں سال 2023کے دوران قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول کا حصہ 85.8فیصد کے مقابلے میں 2024کے دوران 92.5فیصد تک بڑھا ہے۔