اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):قازقستان کے وزیر اعظم اولزہاس بیکوتینوو اور بیلا روس کے وزیر اعظم رومن گولووچینکو شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں اجلاس میں شرکت کے بعدواپس وطن روانہ ہو گئے، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے دونوں وزراء اعظم کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر رخصت کیا اور انہیں الوداع کہا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے ہی ر ابطوں اور دوروں کے متمنی ہیں جوخطے کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوں گے۔ قازقستان کے وزیر اعظم اور بیلا روس کے وزیر اعظم نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس شاندار اور بہت اعلی انداز میں ہوا ہے اور اُن کا پاکستان میں قیام انتہائی خوشگواررہا جبکہ وہ بہت سی مثبت امیدیں اور خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈعبدالعلیم خان اور روس کے ڈپٹی وزیر ٹرانسپورٹ دمتری ژراؤف کے مابین اہم ملاقات ہوئی اوراس اجلاس میں روس اور پاکستان کے مابین مواصلات کے شعبے میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال اور نئے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کے لئے چین،افغانستان کے ذریعے وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک اہمیت کا حامل ہوگا جبکہ روسی ڈپٹی ٹرانسپورٹ منسٹر دمتری ژراؤف نے پاکستان کے کمیونیکیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے وزراء نے اپنی گفتگو میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس انتہائی مثبت رہا اور یہ اقدام خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور سیکرٹری ریلویز کی شرکت و مواصلات کے شعبے میں اہم امور پر بریفنگ دی۔