قازقستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

185

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنا ہوں گی، قازقستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو قازقستان میں پاکستان کے نامزد سفیر نعمان بشیر بھٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین تجارت اور معیشت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے، دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کی صلاحیت موجودہ سطح سے کہیں زیادہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، قازقستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں ، زراعت اور زرعی مصنوعات کے شعبے میں تجارت کی صلاحیت کو عملی شکل دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ پائیدار اور بامعنی تعلقات کا خواہاں ہے، وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط بڑھانا پاکستان کی خطے کی جانب پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے قازقستان کے ساتھ عوامی تعلقات میں اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مشترکہ ڈگریوں اور وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی ورچوئل یونیورسٹی آن لائن تعلیم کی سہولت فراہم کرتی ہے، قازقستان کے طلباء ورچوئل یونیورسٹی کی آن لائن تعلیمی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں، 8 ہزار کے قریب غیر ملکی طلباء یونیورسٹی کے ورچوئل تعلیمی پروگراموں سے استفادہ کر رہے ہیں۔

صدر نے کہا کہ نامزد سفیر سیلاب کے دوران پاکستان کی امداد پر قازقستان کے لوگوں اور حکومت کا شکریہ ادا کریں، نامزد سفیر بھارت کی مسلمان اور اقلیت مخالف پالیسیوں کا بھی پرچار کریں۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں۔