اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) قاسم خان سوری نے ڈپٹی سپیکر کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ پیر کو سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد وہ پارلیمنٹ ہائوس آئے۔ اس موقع پر پارلیمنٹ ہائوس کے عملہ نے ڈپٹی سپیکر کا استقبال کیا جس کے بعد ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان بھی موجود تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قاسم خان سوری کو سپریم کورٹ کے حکم امتناعی کے بعد ڈپٹی سپیکر کے عہدہ پر بحال ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے سپیکر قومی اسمبلی کا خیرسگالی کے جذبات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی قاسم خان سوری کے لئے اپنے دلی جذبات اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے بعد ڈپٹی سپیکر اپنے چیمبر گئے اور اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔