اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے سپر یم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بلوچستان الیکشن ٹربیونل کے قومی اسمبلی کے حلقہ 265 کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی کے اجراء پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اعلیٰ ترین عدالت ہے جس سے اْنہیں انصاف ملے گا اور آئندہ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی وہ حقائق کو مدنظر رکھ کر کریں گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی سپکر قاسم خان سوری نے ان خیالات کا اظہار سپریم کورٹ سے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ اْن پر اعتماد کیا ہے اور ہر موقع پر اْن کی رہنمائی اورحوصلہ افزائی کی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے اندرون اور بیرون ملک سے اْن کی حق مین دعائیں کرنے والوں خصوصااپنے حلقے کے عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اْن کی دعاؤں کی بدولت آج اللہ تعالی نے اْنہیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔انہیں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی اور تحریک انصاف کی دیگر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا جو اْن سے مسلسل رابطے میں رہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کی معطلی کو حق اور سچ کی فتح قراردیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اْنہیں عوام کی خدمت کا جو موقع فراہم کیا گیا ہے وہ اس میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گیاور بھرپور محنت اور لگن سے عوامی فلاح وبہبود کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔