قاضی حسین احمد سیاست میں استاد ہیں ، ان کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، اسد قیصر

195
قاضی حسین احمد سیاست میں استاد ہیں ، ان کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، اسد قیصر

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے قاضی حسین احمد سیاست میں استاد ہیں اور ان کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ جمعرات کوقاضی حسین احمد کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قاضی حسین کی سیاسی اور سماجی جدو جہد لائق تحسین ہے ،سیاست میں قاضی حسین احمد میرے استاد کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

زمانہ طالب علمی سے ہی میں قاضی حسین احمد کا مداح تھا۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد کی دعوت و محبت کی تحریک کو عوام میں بڑی پذیرائی حاصل ہوئی۔افغانستان اور کشمیر کے مسلے پر قاضی حسین احمد مرحوم کا ہمیشہ دو ٹوک موقف رہا ہے۔

افغانستان کی جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کے لیے انہوں نے قابل تحسین کردار ادا کیا ان کی زندگی ہمارے لیے ایک معشل راہ ہے۔قاضی حسین احمد نے ملک و قوم کے لیے جو خدمات پیش کی ہیں ان سے آنے والی نسلوں کو آگاہی فراہم کی جانی چاہیے۔قاضی حسین احمد کی زندگی کے مشن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔جماعت اسلامی ایک منظم سیاسی جماعت کے طور پر ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔