33.8 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومتجارتی خبریںقانونی ذرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں سمندرپارمقیم پاکستانیوں...

قانونی ذرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں سمندرپارمقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ کا امکان ہے ایڈیشنل ڈائریکٹرسٹیٹ بینک معین الدین کا سکائی ایکسچینج کمپنی کے زیراہتمام ظہرانہ سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 29 فروری (اے پی پی)سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر معین الدین نے کہاہے کہ قانونی ذرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں جاری مالی سال کے اختتام پر سمندرپارمقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ کا امکان ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتہ کو یہاں ویسٹرن یونین سروسز کے حوالہ سے سکائی ایکسچینج کمپنی کے زیراہتمام ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سٹیٹ بنک نے اس موقع پر کلیدی خطاب میںکہاکہ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی گئی ترسیلات زر کا حصہ 6.9 فیصد ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران سمندرپارپاکستانیوں نے 21 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھجوائی جبکہ اس سال اس میں مزید اضافہ متوقع ہے، جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سمندرپار پاکستانیوں نے اب تک13.302 ارب ڈالر کی ترسیلات زرکی ہیں اور مالی سال کے اختتام پراس میں ریکارڈ اضافہ کی توقع ہے۔انہوں نے کہاکہ ترسیلات زرکا کاروبار کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں نے 9.3 فیصد کی شرح سے ترقی کی جبکہ ترسیلات زر کے شعبے میں بینکوں کی گروتھ 3.8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ سال ایکسچینج کمپنیوں نے1.2 ارب ڈالر کا بزنس کیا جو اس سال بڑھ کر 1.4 ارب ڈالر تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہاکہ قانونی طریقے سے ترسیلا ت زر کی حوصلہ افزائی کیلئے اسکیم بھی شروع کی گئی ہے جس کے تحت 15 فیصد گروتھ ظاہر کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں کو بیرون ملک سے آنے والے ہر ڈالر پر ایک روپیہ ریلیف دیا جارہاہے ، کم گروتھ والی کمپنیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ویسٹرن یونین اور نجی ایکسچینج کمپنی اسکائی ایکسچینج کے درمیان اشتراک کا معاہدہ بھی ہوا جس کے تحت ترسیلات زر کے کاروبار کو وسعت دی جائے گی۔ رقوم بھیجنے والے کو لکی ڈرا کے ذریعے ایک ڈالر پر دو روپے جیتنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر اسکائی ایکسچینچ کمپنی کے چیئرمین قیصر عباس شیخ نے کہاکہ پاکستان میں ایکسچینج کمپنیاں کمرشل بینکوں کی طرح کام کرکے بیرون و اندرون ملک پاکستانیوں کی خدمت کے لئے کوشاں ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=190943

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں