قانون اور آئین کا حامل ملک ہونے کے ناطے پاکستان عدم برداشت اور پرتشدد کارروائیوں کو قبول نہیں کر سکتا ، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ

181
ممتاز زہرا بلوچ

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ قانون اور آئین کا حامل ملک ہونے کے ناطے پاکستان عدم برداشت اور پرتشدد کارروائیوں کو قبول نہیں کر سکتا ، وزیراعظم پاکستان نے گزشتہ روز فیصل آباد میں پیش آنے والے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے جس میں گرجا گھروں کو نشانہ بنایا گیا اور اس سے ملک بھر کے مسیحیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔

جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران فیصل آباد میں پیش آنے والے واقعہ پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ فعل غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، قانون اور آئین کا حامل ملک ہونے کے ناطے پاکستان ایسی عدم برداشت اور پرتشدد کارروائیوں کو قبول نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے حکام نے فوری کارروائی کی، انہیں وزیر اعظم کی طرف سے ہدایت کی گئی کہ وہ مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد ریاست کے مساوی شہری ہیں، ایک کثیر الثقافتی اور کثیر المذاہب ملک کے طور پر پاکستان ان کے آئینی طور پر ضمانت یافتہ حقوق اور آزادیوں کے تحفظ اور فروغ اور سماجی ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔