قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا قومی اسمبلی میں اٹھائے گئے نکات کا جواب

47

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حکومت قانون اور قانون کی حکمران پر یقین رکھتی ہے‘ نیب قوانین میں تبدیلیوں کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے گا‘ نیب قوانین میں ترمیم کےلئے کمیٹی بنی ہے اور اس کے تحت مختلف امور کا جائزہ لیا جارہا ہے‘ اگر کہیں پر زیادتیاں ہو رہی ہیں تو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے‘ صرف سیاستدانوں کے خلاف احتساب کا عمل آگے بڑھانے کی بات درست نہیںہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق اور سید نوید قمر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے میں جسٹس آصف سعید کھوسہ نے جو رہنمائی کی ہے حکومت اس پر من و عن عمل کرے گی، اس میں کوئی دورائے نہیں ہے ‘ وزارت قانون میں اس معاملے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔