پشاور۔ 04 جولائی (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ قانون کی بالادستی ایک مہذب اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہےاور وکلاء کا اس ضمن میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔وکلاء مقدمات کے جلد فیصلوں اور سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے عدالتوں میں مؤثر کردار ادا کریں۔گورنر ہاوس پشاور حکام کی جانب سے جاری شدہ تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روز دورہ چارسدہ کے دوران ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چارسدہ کے نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنرنے اس موقع پر نومنتخب عہدیداروں سے اُن کے عہدوں کا حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی۔گورنرنے اس امید کا اظہار کیا کہ بار کی نئی قیادت عوام کو انصاف کی فراہمی اور قانونی خدمات کی بہتری میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ چارسدہ بار نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک میں اپنی آئینی، جمہوری اور علمی جدوجہد کے حوالے سے منفرد شناخت رکھتی ہے۔ انہوں نے وکلاء برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے۔موجودہ حالات میں وکلاء کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ اپنے موکلین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشرے میں عدل، رواداری اور برداشت کے فروغ کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ گورنر نے چارسدہ بار ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بار اپنی روشن روایات کو برقرار رکھتے ہوئے انصاف کی سربلندی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔