اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں وکلا کا روشن کردار تاریخ کا حصہ ہے، وکلا جمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں۔
یہ بات انہوں نے ملاقات کے لیے آئے ڈسٹرکٹ بار جہلم کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں نیب کے حالیہ آرڈیننس سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وکلا بردری نے وفاقی وزیر اطلاعات کو جہلم میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
وکلا نے انتخابی اصلاحات اور آئندہ الیکشن ای وی ایم پر کرانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے وکلا کو نیب (دوسرا ترمیمی) آرڈیننس 2021ءکی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت اس آرڈیننس کا اجراءکیا۔
آرڈیننس کے ذریعے صدر مملکت اور چیف جسٹس آف پاکستان کی مشاورت سے احتساب عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا، پراسیکیوٹر جنرل کے اختیارات کو بڑھا دیا گیا ہے، اس آرڈیننس کے تحت ضمانت کا اختیار اب ماتحت عدالتوں کے پاس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج جو نیب آرڈیننس پر تنقید کر رہے ہیں ان کی اکثر ترامیم اسی آرڈیننس میں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت وکلاءبرادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، ڈسٹرکٹ بار جہلم کے لیے نئے چیمبرز بنائے جائیں گے، نوجوان وکلاءکو چیمبرز کی تعمیر کے لیے کامیاب جوان پروگرام سے قرضے دیئے جائیں گے، وکلا برادری کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلیے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی پر بھی غور کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے وکلاءکو جہلم میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دریائے جہلم کے قریب جدید تفریحی پارک قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ للہ سے پنڈ دادنخان اور جہلم سڑک کو دو رویہ کرنے کے منصوبے سے علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، 126 کلو میٹر طویل للہ سے جہلم تک دو رویہ سڑک کی تعمیر پر 16 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
وکلا برادری نے علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے آغاز پر وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوہدری اور سرفراز چوہدری کی کاوشوں کو راہا۔ملاقات میں ڈسٹرکٹ بار جہلم کے صدر راجہ توقیر احمد خان، جنرل سیکریٹری راجہ نصراللہ وسیم، جوائنٹ سیکریٹری چوہدری آصف بشیر ایڈووکیٹ، پنجاب بار کونسل کے رکن راجہ ظفر اقبال،
سابق صدر ڈسٹرکٹ بار جہلم چوہدری عبدالرشید گوندل، پنجاب بار کونسل کے سابق اراکین راجہ شکیل احمد ایڈووکیٹ، راجہ محمد فاروق رضا، سابق جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ بار جہلم چوہدری محمد حکیم الرسول ایڈووکیٹ، ملک رضوان احمد ایڈووکیٹ، شاہد عزیز گوندل ایڈووکیٹ، چوہدری نوید امتیاز ایڈووکیٹ، پنجاب بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین چوہدری محمد حسین ایڈووکیٹ اور ارشد محمود جنجوعہ ایڈووکیٹ شامل تھے۔