قانون کے مطابق کوئی سیاسی جماعت کسی دوسری جماعت کو فنڈز نہیں دے سکتی،نون لیگ کے 9اکائونٹس الیکشن کمیشن کو نہیں بتائے گئے ،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی فارن فنڈ نگ سے متعلق میڈیا بریفنگ

146

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے فارن فنڈ نگ سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاہے کہ قانون کے مطابق کوئی سیاسی جماعت کسی دوسری جماعت کو فنڈز نہیں دے سکتی،ٹی وی چینلز بریکنگ نیوز کی دوڑ میں فیک نیوز کا حصہ نہ بنیں،الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی جہاں پی ٹی آئی کے اکائونٹس کی پڑتال کر رہی ہے ویسے ہی ن لیگ اور پی ٹی آئی کے اکائونٹس کی پڑتال بھی ہورہی ہے۔

وزیر مملکت نے کہاکہ ہمارے ماہرین کی پڑتال کے مطابق ن لیگ کے 9اکائونٹس ایسے ہیں جو الیکشن کمیشن کو نہیں بتائے گئے،ان میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے،سپریم کورٹ نے حنیف عباسی کے کیس میں الیکشن کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اکائونٹس کی بلاامتیاز پڑتال کرے۔

فرخ حبیب نے میڈیا کو بتایاکہ پیپلز پارٹی نے 2013 میں 9 اکائونٹس، 2014 میں 11 اور 2015 میں 10اکائونٹس چھپائے،پیپلز پارٹی کے پاس 34کروڑ کے عطیات کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے، پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین اور پارلیمنٹرین نے پیپلز پارٹی کے اخراجات اٹھائے ہوئے تھے جو کہ غیر قانونی ہے۔