قاہرہ ۔14اگست (اے پی پی):قاہرہ میں پاکستانی سفارت خا نے کے زیر اہتمام 79 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، سفیر عامر شوکت نے چانسری میں قومی پرچم لہرایا۔ قومی ترانہ و تلاوت قرآن پاک کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے پیغامات پیش پڑھ کر سنائے گئے۔
تقریب سے خطاب میں سفیر عامر شوکت نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کے بانیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے قوم کے اتحاد اور لچک کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ مئی 2025 میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان نے ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست کے طور پر عالمی برادری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ کشمیری اور فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور مصر کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے مصر میں پاکستانی کمیونٹی کی قومی ترقی اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔تقریب میں سفارتخانے کے حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔\932