قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

83

قاہرہ۔23مارچ (اے پی پی):مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ بدھ کو منعقدہ خصوصی تقریب میں سفیر ساجد بلال نے قومی پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

سفیر نے حاضرین کو اسلام آباد میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کی کونسل کے 48 ویں اجلاس کے بارے میں بتایا جس میں 57 اسلامی ممالک کے وزراء خارجہ، نائب وزراء خارجہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

سفیر ساجد بلال نے پاکستان کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر قومی رہنمائوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے غیرمتزلزل عزم اور انتھک کوششوں سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن بنایا۔

سفیر ساجد بلال نے پاکستان کے اقوام عالم میں ذمہ دار جمہوری ریاست کے طور پر باوقار کردار کو اجاگر کیا اور چیلنجز پر قابو پانے اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کیلئے پاکستانیوں کے مابین اتحاد پر زور دیا۔ اس موقع پر پاکستان انٹرنیشنل سکول قاہرہ کے بچوں نے قومی ترانے پر پرفارمنس پیش کی۔ تقریب میں مصر میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔