اسلام آباد/قاہرہ۔14اگست (اے پی پی):قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں 76واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے بعد خصوصی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
قاہرہ سے موصولہ بیان کے مطابق تقریب کے دوران پاکستان۔مصر فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر سفیر (ر) فتح علی یوسف کو پاک مصر تعلقات کے فروغ اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے پر ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈ "تمغہ امتیاز” سے نوازا گیا۔
اس موقع پر پاکستان انٹرنیشنل اسکول، قاہرہ کے طلباء کی جانب سے قومی ترانے پر خصوصی پرفارمنس پیش کی گئی۔ سفیر ساجد بلال نے اظہار خیال کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کی مثالی قیادت میں اسلاف کی لاتعداد قربانیوں اور انتھک کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا جس کی وجہ سے پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔
قاہرہ
انہوں نے ان مردوں اور خواتین کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ملک کو ہر قسم کے خطرات سے بچانے اور پاکستانی عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں اور قربانیوں کو سراہا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا جو اپنے حق خودارادیت اور بھارتی غیر قانونی تسلط سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔
ساجد بلال نے پاکستان اور مصر کے درمیان گہرے سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، دفاعی اور عوامی سطح پر روابط پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس سال پاکستان اور مصر کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔انہوں نے مصر میں پاکستانی برادری کا پاکستان کی ترقی کے لیے گرانقدر تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور پاکستان اور مصر کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے میں ان کے فعال کردار کو سراہا۔
تقریب کے آخر میں کمیونٹی کی ممتاز شخصیات اور سفارت خانے کی ٹیم نے سفیر کے ہمراہ یوم آزادی کا کیک کاٹا۔ تقریب میں سفارت خانے کے حکام نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اور مصر میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔