اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قرارداد پاکستان ہماری قومی اور تاریخی امنگوں کی عکاس ہے۔ 23 مارچ کا دن قوم کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔قومی سلامتی کے تحفظ اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔منگل کو یوم پاکستان 23 مارچ2021ءکے موقع پر وزیر خارجہ نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن قوم کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس دن ہم آزاد وطن کے حصول کے لئے اپنے آباواجداد کی ان قربانیوں کو تازہ کرتے ہیں جن کی شروعات 1940ءمیں تاریخی قرارداد پاکستان سے ہوئیں اور بالآخر 7برس کے مختصر عرصے میں ایک الگ آزاد مملکت کا حصول ممکن ہوا۔ قرارداد پاکستان ہماری قومی اور تاریخی امنگوں کی عکاس ہے۔اس دن ہم قائداعظمؒ ، تمام قائدین ، بزرگوں، شہداءاور اپنے ہیروز کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے عظیم قربانیاں دے کر آزاد مملکت کے خواب کو عملی جامہ پہنایا۔ یہ دن ہمیں یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ملک کو حقیقی فلاحی ،ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے عزم کی تجدید کریں۔اس موقع پر میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ موجودہ پاکستانی قیادت کی ساری توجہ ”نیا پاکستان“ وژن کے تحت عوامی فلاح وبہبود پر مرکوز ہے
۔وزیر خارجہ نے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے بھی ہم پوری طرح پرعزم ہیں ۔ہماری توجہ، جغرافیائی سیاسی ترجیحات سے جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر مرکوز ہو چکی ہے۔ موجودہ حکومت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہے۔پاکستان امن و استحکام ، ترقیاتی شراکت داری اور باہمی روابط کو فروغ دینے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔اس روز ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دیئے گئے حق خودارادیت کے حق کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہار یکجہتی اور ان کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اس وقت کورونا جیسی وباءپوری دنیا کے لئے ایک چیلنج بن چکی ہے۔
اس وباءنے بین الاقوامی یکجہتی اور تعاون کے نئے مواقع بھی فراہم کئے ہیں۔ پاکستان اس موذی وباءکو مکمل شکست دینے کے لئے زیادہ سے زیادہ عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں لیکن وہ ان حالات کا متحد ہو کر مقابلہ کرتی ہیں۔پاکستانی قوم نے کورونا وباءکا مقابلہ کرنے کے لئے بڑی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چونکہ کورونا وباءسے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں اس لئے ہم احتیاطی تدابیر کی اہمیت کو نظر انداز کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔